Site icon Daily Mujadala

انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی: ’پاکستان 370 کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا تھا‘

انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے سرکاری ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان 370 کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا تھا اور اس کے خاتمے کے ساتھ جموں و کشمیر اور لداخ میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے۔

ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے پیر کو آئین کی شق 370 اور 35 اے کے خاتمے کا متنازعہ اعلان کیا تھا۔

مودی کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ اچانک نہیں بلکہ بہت سوچ بچار کے بعد کیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ کشمیر کی مخصوص حیثیت کا پاکستان نے فائدہ اٹھایا اور اسے وادی میں ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا اور اب خطے کو دہشتگردی سے پاک کر دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے
آرٹیکل 370 کا خاتمہ: انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر سینکڑوں افراد گرفتار
مقبوضہ کشمیر کی معلومات تک رسائی نہ ہونا تشویشناک ہے، اقوام متحدہ
آرٹیکل 370 اور کشمیر: تاریخی پس منظر، موجودہ صورتحال اور جدوجہد آزادی
کشمیر‘ تقسیمِ برصغیر کا ادھورا ایجنڈا (نامور دانشور طارق علی کی شہرہ آفاق تصنیف سے اقتباس)

ان کا کہنا تھا کہ شق 370 کے خاتمے کے ساتھ جموں و کشمیر اور لداخ میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 370 اور 35 اے نے علیحدگی پسندی، دہشت گردی، اقربا پروری اوربڑے پیمانے پر بدعنوانی کے علاوہ کچھ نہیں دیا ہے اور یہ کہ ’عشروں سے خاندانی حکومتون نے جمون وکشمیر میں نوجوان قادت کو ابھرنے نہیں دیا۔‘

یاد رہے کہ انڈیا کی حکومت کی جانب سے اس اقدام سے پہلے کشمیر میں کرفیو نافذ کر دیا گیا تھا اور مختلف رہنماؤں کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔ کشمیر سے باہر کئی کشمیری افراد اب تک اپنے گھر والوں سے رابطہ نہیں کر پائے ہیں اور ریاست کی مخصوص حیثیت کے خاتمے کے بعد سے اب تک کم سے کم 300 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

قوم سے خطاب میں نریندر مودی کا مزید کہنا تھا ان شقوں کے ہوتے ہوئے خواتین اور مزدوروں کو بعض حقوق سے محروم رکھا گیا تھا۔

نریندر مودی نے وادی کی پولیس کا خاص طور سے ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور ان کے اہل خانہ کو وہی حقوق حاصل ہوں گے جو ملک کے دوسرے حصوں میں حاصل ہیں۔

نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اب ان کے تعلیم، ملازمت اور کھیلوں کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔

طلبہ کے لیے انھوں نے پرائم منسٹر سکالرشپ کا اعلان کیا۔

ان کے بقول وادی میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد بہت ترقی ہوئی ہے جس کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Exit mobile version