سردار محمد ابراہیم خان کی برسی کل 31 جولائی کو سرکاری سطح‌پرمنائی جا رہی ہے

پاکستانی زیر انتظام کشمیر کی 24 اکتوبر 1947ء کو قائم ہونے والی آزاد حکومت کے بانی صدر سردار محمد ابراہیم خان کی برسی کل 31 جولائی کو سرکاری سطح پر عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے.
برسی کی تقریبات 31 جولائی کو سردار محمد ابراہیم خان کے مزار پر پولیس دستے کی سلامی اور قرآن خوانی سے شروع ہونگی.
انکے مزار واقع کوٹ متے خان راولاکوٹ میں‌ہی برسی کی مرکزی تقریب بھی جموں‌کشمیر پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام منعقد کی جا رہی ہے.
پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے صدر، وزیراعظم اور وزیراطلاعت کی جانب سے سردار محمد ابراہیم خان کی برسی کے موقع پر پیغامات جاری کئے ہیں.
صدر آزاد جموں وکشمیر سردارمحمد مسعود خان نے آزاد کشمیر کے بانی صدر سردار محمد ابراہیم خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان نے کشمیریوں کی قیادت کرتے ہوئے اپنے جاندار کردار سے تحریک کو تقویت بخشی،غازی ملت ریاست جموں وکشمیر کے اس وقت تک پہلے کشمیری رہنما ہیں جنہوں نے جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پرمتعدد بار خطاب کرکے موثر طورپر کشمیریوں کی نمائندگی کی، غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان الحاق پاکستان کے داعی اور ان کی رہائش گاہ سری نگر کے مقام پر 19جولائی کو الحاق پاکستان کی قرارداد منظور ہوئی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے آزاد کشمیر کے بانی صدر سردار محمد ابراہیم خان کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔صدرسردار محمد مسعود خان نے کہا کہ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان نے تحریک آزادی کشمیر میں عملاً حصہ لیا، کشمیریوں نے 19جولائی کو جس پلیٹ فارم سے الحاق پاکستان کی قرارداد منظور کی وہ اجلاس غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی رہائش گاہ سری نگر میں منعقد ہواتھا۔انہوں نے کہا کہ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان نے ساری زندگی کشمیریوں کی آزادی،کشمیریوں کے تشخص اوراداروں کے استحکام کے لئے کام کیا۔
وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے آ زاد کشمیر کے بانی صدر سردار محمد ابراہیم خان کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ تحریک آزاد ی کشمیر میں جس طرح غازی ملت نے قومی قیادت کا فریضہ سرانجام دیا اور جس ولولہ اور جوش سے عملاً تحریک کا حصہ رہے وہ تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے۔بانی صدر آزاد کشمیر نے نہ صرف کشمیر کی آزادی کو اپنا اولین مقصد سمجھا بلکہ عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کے لئے لازوال جدوجہد کی۔انہوں نے کہاکہ سردار محمد ابراہیم خان نے پاکستان کے ساتھ تعلق کو مضبوط بنانے کے لئے ناقابل فراموش کردار اداکیا۔وہ سچے کشمیری اور پاکستان سے بے پناہ محبت کرنے والے اصول پسند سیاست دان تھے،غازی ملت کی سیاسی زندگی سب کے لئے مشعل راہ ہے۔سیاست کے میدان میں اصول پسندی دیانت داری،عوام سے محبت اور ریاست کے تشخص کے لئے جو کارہائے نمایاں انہوں نے سرانجام دئیے وہ قابل تعریف اور قابل تقلید ہیں۔
وزیراطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس نے آزاد کشمیر کے بانی صدرغازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کشمیری قوم کے محسن ہیں اورا ن کی خدمات کو تاریخ کبھی فراموش نہیں کر سکے گی۔ کشمیری عوام کے دلوں میں وہ ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کشمیری رہنما بااصول اور باکردار سیاست دان تھے۔جنہوں نے اصولوں پر کبھی سودے بازی نہیں کی اور اپنے موقف پر ہمیشہ ڈٹے رہے۔اللہ تعالیٰ ان کے درجات کو بلند کرے اور ہمیں ان کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں